بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر میں میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک 9 سالہ بچے نے پتنگ نہ ملنے کی وجہ سے شدید ناراضگی میں آ کر خودکشی کرلی۔ اس سانحے نے نہ صرف خاندان بلکہ پورے گاؤں کو غم کی لہر میں ڈبو دیا۔
بچے کی شناخت سدھو کے نام سے ہوئی ہے جو راجو اور شری لتا کا اکلوتا بیٹا تھا۔وہ مقامی سرکاری اسکول میں چوتھی کلاس کا طالب علم تھا۔ رپورٹس کے مطابق سدھو نے اپنے والد سے پتنگ خریدنے کی ضد کی لیکن والدین نے فوری طور پر اس کی خواہش پوری نہ کی تو وہ غصے میں گھر کے اوپری حصے پر چلا گیا اور وہاں لوہے کی سلاخ سے ساڑی باندھ کر پھندا لگا لیا۔
گھر والوں نے اسے دیکھتے ہی بچانے کی کوشش کی اور فوراً نیچے اتار کر اسپتال منتقل کیا مگر بدقسمتی سے ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اہلخانہ کا ماننا ہے کہ بچہ صرف والدین کو ڈرانے کے ارادے سے یہ قدم اٹھا بیٹھا لیکن یہ لمحاتی جذباتی فیصلہ اس کی زندگی کا آخری لمحہ بن گیا۔
سانحے کی اطلاع ملتے ہی گاؤں کے سرپنچ ناگا راجو، مقامی عوامی نمائندوں اور دیگر معززین موقع پر پہنچے۔ انہوں نے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور صبر کی تلقین کی۔ یہ افسوسناک واقعہ بچوں کی نفسیاتی حالت اور چھوٹی چھوٹی باتوں پر ان کے جذبات کی شدت کو سمجھنے کی اہمیت اجاگر کر رہا ہے۔ والدین اور معاشرے کے لیے یہ ایک دردناک سبق ہے کہ بچوں کی ضد اور ناراضی کو سنجیدگی سے لیا جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








