قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ کیفیٹریا میں کھانے میں کاکروچ کی موجودگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کا معاہدہ منسوخ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ پارلیمنٹ کیفیٹریا کی انتظامیہ کا معاہدہ ختم کردیا گیا ہے۔ اسپیکر ایاز صادق نے کھانے میں کاکروچ ملنے کے واقعے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا اور فوری طور پر انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے نہ صرف اراکین پارلیمنٹ بلکہ عملے کے لیے کیفیٹریا کے معاہدے کو بھی منسوخ کردیا۔ حکام کے مطابق یہ شرمناک واقعہ دس روز قبل پیش آیا تھا جس کے بعد ایک نئے بہتر ساکھ والے کنٹریکٹر کو معاہدہ سونپ دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جسے ایک رکن پارلیمنٹ نے بنایا تھا۔ ویڈیو میں روٹی کے ٹکڑے پر کئی کاکروچ رینگتے ہوئے دیکھے گئے تھے۔
اراکین پارلیمنٹ نے کیفیٹریا کے کھانے میں کاکروچ کی موجودگی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور لابی میں صفائی کے ناقص انتظامات پر تشویش ظاہر کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








