پشاور: خیبر پختونخوا میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 25شہری جاں بحق ہوگئے ہیں، پی ڈی ایم اے نے 25 مارچ سے اب تک ہونے والی بارشوں کے اعدادوشمار جاری کردئیے۔
تفصیلات کے مطابق صوبے میں بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 25 افراد جاں بحق جبکہ 77 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 18 بچے، 2 مرد اور 5 خواتین جبکہ زخمیوں میں 33 مرد، 9خواتین اور 35 بچے شامل ہیں۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران حادثات سے مجموعی طور پر 88 گھر متأثر ہوئے جن میں سے 71 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 17 گھر مکمل طور پر منہدم ہوگئے۔ ریسکیو ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق زیادہ تر حادثات بنوں، ایبٹ آباد، کوہاٹ، پشاور، نوشہرہ، باجوڑ، لکی مروت، کرم، ہنگو، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، اپر دیر، بٹگرام، شمالی وزیرستان اور ٹانک میں ہوئے۔ امدادی سرگرمیوں میں مصروف اداروں میں پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشیں تاحال وقفے وقفے سے جاری ہیں اور یکم اپریل سے 4اپریل تک مزید بارشوں کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ناخوشگوار موسم کے دوران غیر ضروری سفر اور سیروسیاحت سے گریز کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








