کراچی: سندھ کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ ہے، پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ نے شدید گرمی اور ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے سندھ نے بڑی عید کے دوران شدید گرمی اور ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 25 سے 31 مئی تک سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت 47 سے 50ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ ہے اور گرمی سے متأثر ہونے والے اضلاع میں سکھر، شکار پور، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ اور دادو شامل ہیں جہاں گرمی بڑھنے کا امکان ہے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے جاری کردہ الرٹ کے مطابق گرمی سے متأثر ہونے والے دیگر اضلاع میں حیدر آباد، بدین، سجاول، ٹھٹھہ، جامشورو، میرپورخاص اور سانگھڑ شامل ہیں جبکہ کراچی میں بھی موسم گرم رہے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں درجہ حرارت 35 سے 38ڈگری رہے گا تاہم ہوا میں بڑھتی ہوئی نمی کے باعث درجہ حرارت معمول سے کافی زیادہ محسوس ہوسکتا ہے۔ شہری اپنے قربانی کے جانوروں کی دیکھ بھال کیلئے سائے اور پانی کا مناسب انتظام کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








