پشاور زلمی نے حیدر آباد کنگزمین کو شکست دے کر پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

تازہ ترین

تازہ ترین

پشاور زلمی
(فوٹو: آن لائن)

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 11 کے فائنل میچ میں پشاور زلمی نے حیدر آباد کنگزمین کو 5وکٹس سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے، میچ کے دوران ایرون ہارڈی کی دھواں دھار اننگز نے زلمی کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کی طرف سے 130 رنز کا چھوٹا ہدف ملنے کے بعد جب پشاور زلمی نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو وکٹس گرنے لگیں، جس سے کچھ وقت کیلئے حیدر آباد کنگز کا پلڑا بھاری دکھائی دیا، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پشاور زلمی نے میچ پر گرفت مضبوط کرلی۔

پشاور زلمی کی پہلی وکٹ 6 کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب وکٹ کیپر محمد حارث 3گیندوں پر 6رنز بنا کر محمد علی کی گیند پر کیچ دے بیٹھے جبکہ ان کی دوسری وکٹ 7 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان بابر اعظم نے کوئی رن بنائے بغیر پہلی ہی گیند پر عثمان خان کو کیچ دے دیا۔

زلمی کے آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی کسال مینڈس تھے جنہوں نے 8گیندوں پر 9 رنز بنائے اور حنین شاہ کی گیند پر معاذ صداقت کو کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم ایرون ہارڈی نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 36گیندوں پر 53رنز بنا کر ففٹی اسکور کی اور اپنے مثبت کھیل کو جاری رکھا۔

آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی مائیکل بریسویل تھے جنہیں 5گیندوں پر 4رنز بنانے کے بعد عاکف جاوید کی گیند پر عثمان خان نے کیچ آؤٹ کردیا، تاہم پشاور زلمی کی ٹیم ایرون ہارڈی کی ذمہ دارانہ بیٹنگ اور عبدالصمد کی جانب سے شاندار بیٹنگ کی بدولت میچ جیتنے میں کامیاب رہی۔

حیدر آباد کنگزمین کی اننگز

یاد رہے کہ اس سے قبل ٹاس ہارنے اور پشاور زلمی کی جانب سے بیٹنگ کی دعوت ملنے کے بعد حیدرآباد کنگز مین کی اننگز کا آغاز کپتان مارنس لبوشین اور معاذ صداقت نے کیا، مگر ابتدائی لمحات سے ہی بیٹنگ لائن دباؤ کا شکار رہی۔ دوسرے اوور میں مجموعی اسکور 16 پر پہلی وکٹ اس وقت گر گئی جب معاذ صداقت ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 11 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد 51 رنز کے مجموعے پر ٹیم کو دوسرا نقصان اس وقت ہوا جب کپتان مارنس لبوشین 20 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ کچھ ہی دیر بعد 71 کے اسکور پر تیسری وکٹ بھی گر گئی، عثمان خان صرف 8 رنز بنا سکے، جبکہ عرفان خان ایک رن کے اضافے کے بعد رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

حیدر آباد کنگزمین پر مزید دباؤ اس وقت بڑھا جب 72 کے اسکور پر پانچویں وکٹ بھی گر گئی، نئے کھلاڑی میکس ویل بغیر کوئی رن بنائے پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے جس سے ٹیم کی کارکردگی مزید متأثر ہوئی۔ اگلے ہی اوور میں 73 کے مجموعی اسکور پر کوسال پریرا بھی ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد 90 رنز پر ساتویں وکٹ گری جب حسان خان 12 رنز کے ساتھ ایرن ہارڈی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ پھر 108 کے اسکور پر آٹھویں وکٹ بھی گر گئی، حنین شاہ 9 رنز بنا کر ناہید رانا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ حیدر آباد کی پوری ٹیم 18 اوورز میں صرف 129رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

Related Posts