لاہور ہائیکورٹ نے معروف اداکار و گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراسانی سے متعلق کیس میں 50 لاکھ ہرجانے کے خلاف میشا شفیع کی اپیل سماعت کیلئے مقرر کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گلوکارہ میشا شفیع کی اپیل لاہورہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے سماعت کیلئےمقرر کی، جسٹس احمد ندیم ارشد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ پیر کے روز گلوکارہ کی اپیل پر سماعت کرے گا۔ میشا شفیع نے یہ اپیل اپنے وکیل ثاقب جیلانی کی وساطت سے دائر کی۔
اپنی اپیل میں گلوکارہ میشا شفیع نے مؤقف اختیار کیا کہ سیشن کورٹ نے علی ظفر کا دعویٰ درست قرار دیتے ہوئے میشا شفیع کو 50 لاکھ ہرجانے کا حکم دیا تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ علی ظفر نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا تھا، تاہم ٹرائل کورٹ نے فیصلے میں لکھا کہ میشا شفیع الزامات ثابت نہیں کرسکیں۔
گلوکارہ میشا شفیع کے مؤقف کے مطابق اگر گلوکارہ اپنے الزامات ثابت نہیں کرسکیں تو دوسری جانب گلوکار علی ظفر بھی تو ہراساں نہ کرنے کو ثابت نہیں کرسکے جبکہ میشا شفیع نے جنسی ہراسانی پر مبنی الزامات کے تحت صوبائی محتسب کو بھی درخواست دی تھی۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ سیشن کورٹ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا جبکہ میشا شفیع کی صوبائی محتسب کے فیصلے کیخلاف اپیل سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔ سپریم کورٹ سے حتمی فیصلہ نہ ہونے تک دعوی ڈگری نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ٹرائل کورٹ کافیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








