پاکستان میں 16 اگست سے پیٹر ولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا امکان ہے جس کے تحت پیٹر ول کی قیمت میں معمولی اضافہ جبکہ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹر ول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 32 پیسے اضافہ تجویز کیا گیا ہے جس سے موجودہ قیمت 264 روپے 61 پیسے سے بڑھ کر 265 روپے 93 پیسے ہو جائے گی۔
یہ اضافہ اس وقت متوقع ہے جب عالمی منڈی میں دیگر ایندھن کی قیمتوں میں کمی دیکھی جا رہی ہے تاہم مارکیٹ ایڈجسٹمنٹ اور ریفائننگ لاگت کے باعث پیٹر ول کی قیمت میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 75 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے جس سے قیمت 285 روپے 83 پیسے سے کم ہو کر 274 روپے 8 پیسے ہو جائے گی۔
مٹی کے تیل کی قیمت 6 روپے 25 پیسے فی لیٹر کم ہو کر 179 روپے 21 پیسے ہو سکتی ہے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 7 روپے 11 پیسے کمی کے بعد 170 روپے 36 پیسے سے کم ہو کر 163 روپے 25 پیسے رہ جائے گی۔
تیل و گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) پیٹر ولیم صنعت کے تخمینوں کی بنیاد پر اپنی حتمی سمری تیار کر کے 15 اگست کو وفاقی حکومت کو بھیجے گی جس کی منظوری وزیر اعظم شہباز شریف دیں گے۔ منظوری کی صورت میں نئی قیمتیں 15 اور 16 اگست کی درمیانی شب سے نافذ ہوں گی۔
وزارتِ خزانہ کے حالیہ نوٹیفکیشن کے مطابق یکم اگست سے پیٹر ول کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے کمی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 48 پیسے اضافہ کیا گیا تھا۔ پیٹر ول کی نئی قیمت 264 روپے 61 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 285 روپے 83 پیسے مقرر کی گئی تھی۔
باخبر ذرائع کے مطابق پیٹر ول اور ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں 2 روپے 55 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس سے پیٹر ول پر مجموعی لیوی 78 روپے 2 پیسے اور ڈیزل پر 77 روپے ایک پیسہ ہو گئی۔
اس کے علاوہ فی لیٹر 2 روپے 50 پیسے ماحولیاتی سپورٹ لیوی بدستور برقرار ہے۔ ڈیزل پر فریٹ مارجن میں بھی 20 پیسے اضافہ کر کے اسے 6 روپے 24 پیسے فی لیٹر کر دیا گیا جبکہ پیٹر ول اور ڈیزل پر ڈیلر مارجن 8 روپے 64 پیسے اور ڈسٹری بیوٹر مارجن 7 روپے 87 پیسے فی لیٹر وصول کیا جا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








