حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کے قیمتوں کے جائزے میں پیٹرول کی قیمت میں مبینہ طور پر 4 روپے 75 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے جس پر عوام سراپا احتجاج ہیں، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت گزشتہ سطح پر معمولی کمی بیشی کے ساتھ برقرار رہنے کی توقع ہے، بشرطیکہ حکومت کوئی اضافی پٹرولیم لیوی عائد نہ کرے۔
آئل انڈسٹری کے تازہ ترین داخلی تخمینوں کے مطابق اگلے پرائسنگ سائیکل میں مبینہ طور پر پیٹرول مہنگا ہو جائے گا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں صرف معمولی تبدیلی متوقع ہے، اگر سرکاری اعلان سے قبل زرمبادلہ کی شرح میں کوئی ردوبدل نہ ہوا تو یہ پیشگوئی درست ثابت ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب پیٹرول کیلئے ایکس ریفائنری قیمت 270 روپے 03 پیسے فی لیٹر سے بڑھ کر 274 روپے 77 پیسے فی لیٹر تک پہنچنے کا امکان ہے، جو تقریباً 4 روپے 75 پیسے فی لیٹر اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔ متوقع اضافے کی بنیادی وجہ عالمی فری آن بورڈ (ایف او بی) قیمت میں اضافہ ہے، جو جائزہ مدت کے دوران 139.03 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر 143.01 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
اگرچہ پریمیم اور دیگر ضمنی اخراجات میں معمولی کمی سے کچھ ریلیف ملا، تاہم یہ مجموعی اضافے کو متوازن کرنے کیلئے کافی نہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان اسٹیٹ آئل کی جانب سے پہلے دی گئی 1 روپے 41 پیسے فی لیٹر ایڈجسٹمنٹ کا خاتمہ بھی پٹرول کی قیمت میں خالص اضافے کا سبب بنے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








