قومی ویمن ٹیم نے مہمان ٹیم زمبابوے کو 206 رنز کے ریکارڈ فرق سے شکست دے کر تاریخی فتح اپنے نام کرتے ہوئے ون ڈے سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے زمبابوے کے خلاف 343رنز بنائے، جس کے جواب میں زمبابوے ویمن ٹیم 137 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جسے رنز کے اعتبار سے قومی ویمن ٹیم کی سب سے بڑی فتح قرار دیا جارہا ہے۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں قومی ویمن ٹیم کی اوپنر گل فیروزہ اور صدر شمس نے پہلی ہی وکٹ کی شراکت داری میں 189رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ گل فیروزہ نے 100 جبکہ صدف شمس نے 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
اس طرح صدف شمس ویمن ون ڈے میچز میں مسلسل 50پلس اسکور کرنے والی پہلی پاکستانی کرکٹر کا اعزاز حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہیں۔ سدرہ امین نے 59رنز کی ناقابلِ شکست اننگ کھیلی اور یوں قومی ویمن ٹیم نے 50 اوورز میں 4وکٹس کے نقصان پر 343رنز بنادئیے۔
دوسری جانب زمبابوے کی جانب سے پسی پنوڈیا نے 33 اور متنگ وندو نے 29رنز بنائے تاہم زمبابوے کی ٹیم کی دیگر کھلاڑیوں نے قابلِ ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا، جس کے باعث زمبابوے کی ٹیم 137رنز کے ساتھ آؤٹ ہوگئی۔ پاکستانی کپتان فاطمہ ثناء نے 3 جبکہ عروب شاہ، مومنہ ریاست اور رامین شمیم نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








