اسلام آباد : حکومت کی جانب سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی پیٹرولیم قیمتیں بڑھانے سے متعلق سمری پر یکم مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں سات روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اوگرانے یکم مارچ سے پیٹرول، ڈیزل مہنگا کرنے کی سمری حکومت کو بھجوائی تھی جس میں پیٹرول 20 روپے 7 پیسے اورڈیزل 19 روپے 61 پیسے مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی، اوگرا کی سمری پر وزارت خزانہ سفارشات دے گی جس کے بعد وزیراعظم قیمتوں میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا کی سمری کے برعکس وزیراعظم عمران خان پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 6 روپے اضافے کی منظوری دے سکتے ہیں۔
اس سے قبل 15 فروری کو عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے وزیر اعظم عمران خان نے پیٹرول کی قیمت میں 14اعشاریہ 07 روپے اضافے کی تجویز مسترد کرکے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔