سندھ حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل سواروں کے لیے اعلان کردہ فیول سبسڈی اسکیم پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے جس کے تحت مستحق افراد کو ماہانہ 2 ہزار روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق بینک اکاؤنٹ کی تصدیق مکمل ہونے کے بعد سبسڈی کی رقم براہ راست صارفین کے اکاؤنٹس میں منتقل کی جا رہی ہے۔ اس اسکیم کے تحت موٹر سائیکل سواروں کو 20 لیٹر پیٹرول پر ریلیف دینے کا وعدہ کیا گیا تھا جسے اب عملی شکل دی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں تقریباً 67 لاکھ موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں تاہم سبسڈی صرف اسی فرد کو ملے گی جس کے نام پر موٹر سائیکل رجسٹرڈ ہو گی۔ شہری اپنی گاڑی کی رجسٹریشن کی تفصیلات محکمہ ایکسائز کی ویب سائٹ کے ذریعے بھی چیک کر سکتے ہیں۔
حکومت نے ان افراد کے لیے بھی آسانی پیدا کی ہے جن کی موٹر سائیکل ان کے نام پر رجسٹرڈ نہیں۔ ایسے شہری بغیر کسی فیس کے اپنی موٹر سائیکل اپنے نام منتقل کروا سکتے ہیں۔ اس کے لیے سرکاری دفاتر کے اوقات کار بڑھا دیے گئے ہیں، جو صبح 8 بجے سے رات 12 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو بھی عوام کو سہولت فراہم کی جائے گی۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر انہوں نے پرانی موٹر سائیکل خریدی ہے تو فوری طور پر اسے اپنے نام پر رجسٹرڈ کروائیں تاکہ وہ اس سبسڈی سے فائدہ اٹھا سکیں۔
موٹرسائیکل سوار اپنی رجسٹریشن حکومت سندھ کی ویب پورٹل https://taxportal.excise.gos.pk/home/bike_subsidies کر سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








