حکومت نے پیٹرول پر عائد پیٹرولیم لیوی کی شرح میں اضافہ کردیا ہے، پیٹرول پر عائد لیوی میں 26روپے سے زائد اضافے کے نتیجے میں لیوی 107روپے سے بھی تجاوز کر گئی۔
تفصیلات کے مطابق عوام کو ریلیف کی بجائے اضافی بوجھ کا شکار کردیا گیا۔ حکومت نے آئی ایم ایف شرائط کی پابندی مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرول پر عائد لیوی میں 26روپے 77 پیسے کا اضافہ کیا ، جس کے نتیجے میں لیوی 107روپے 38 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی۔
اس سے قبل پیٹرول پر عائد لیوی کی شرح 80 روپے 61 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔ حکام کا ماننا ہے کہ ڈیزل پر پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں ردوبدل نہیں کیا گیا جبکہ گزشتہ روز حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں مہنگائی کی شرح بڑھنے کا خدشہ ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ شب حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کیا۔ حکومت کی جانب سے پیٹرول 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں بھی 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن گزشتہ روز جاری کیا گیا تھا جس کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 393 روپے 35 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 380 روپے 19پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








