ناسا کی خلائی دوربین کا کارنامہ: پی ایچ ڈی کی طالبہ نے 17 سیارے دریافت کر لیے

تازہ ترین

تازہ ترین

ناسا کی خلائی دوربین کا کارنامہ: پی ایچ ڈی کی طالبہ نے 17 سیارے دریافت کر لیے
ناسا کی خلائی دوربین کا کارنامہ: پی ایچ ڈی کی طالبہ نے 17 سیارے دریافت کر لیے

امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کی کیپلر دور بین کے ذریعے  ڈاکٹریٹ(پی ایچ ڈی) کی طالبہ نے اہم 17 سیّارے دریافت کر لیے ، جبکہ طالبہ کا تعلق کینیڈا سے ہے۔

مشیل کیونیموتو نامی طالبہ کے مطابق مذکورہ 17 سیّاروں کو اس اعتبار سے اہم قرار دیا جاسکتا ہے کہ وہ اپنے اپنے نظامِ شمسی کے ستارے (سورج) سے ہیبیٹیبل زون میں موجود ہیں۔

ہیبیٹیبل زون سے مراد ستارے سے اتنی دوری ہے جس دوری پر موجود سیارہ اتنا درجۂ حرارت رکھتا ہے جس پر انسانی زندگی ممکن ہوسکے۔

اس کے علاوہ قابلِ رہائش (ہیبیٹیبل زون) علاقے سے مراد ایک ایسی جگہ ہے جہاں پانی مائع حالت برقرار رکھ سکتا ہے۔  زمین پر پانی مائع حالت میں رہ سکتا ہے، تاہم مریخ میں پانی برف سے براہِ راست بخارات میں تبدیل ہوجاتا ہے۔

زمین سے 1000 نوری سال کے فاصلے پر موجود سیارے کی دریافت کے لیے ٹرانزٹ یعنی عبور نامی طریقہ استعمال کیا گیا ہے۔ اس طریقے میں روشنی کی کمی بیشی کی مدد سے نت نئے سیارے دریافت کیے جاتے ہیں۔

اپنے چار سالہ مشن کے دوران کیپلر سٹیلائٹ دور بین نے متعدد سیارے دریافت کیے ہیں جس میں زیادہ تر اس بات پر توجہ دی گئی کہ وہ سیارے قابلِ رہائش جگہ پر موجود ہوں۔

ایسے سیاروں کی دریافت میں یہ بات بھی مدِ نظر رکھی جاتی ہے کہ سیارے ٹھوس وجود رکھتے ہوں، نہ کہ مشتری اور زحل کی طرح گیس سے بنے سیارے ہوں جہاں رہائش ممکن نہیں ہوتی۔

کیپلر سٹیلائٹ کے ذریعے 17 سیاروں کی دریافت کو ایک اہم کامیابی قرار دیا جارہا ہے جبکہ یہ دریافت خلا میں پانی کی صورت میں زندگی تلاش کرنے کے مشن کا اہم سنگِ میل ہے۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل خلائی تحقیقاتی ادارے سلون ڈیجیٹل اسکائی سروے نے 4 لاکھ کہکشاؤں کی دلفریب ویڈیو انٹرنیٹ پر جاری کردی جبکہ یہ ادارہ فلکیات کے میدان میں گزشتہ کئی برسوں سے کام کر رہا ہے۔

سلون ڈیجیٹل اسکائی سروے نامی امریکی ادارہ گزشتہ 20 سال سے کائنات کا نقشہ بنانے کے لیے کام میں مصروف ہے جس کے دوران خلائی دوربین سے لی گئی تصاویر کی اینی میشن کے ذریعے ویڈیو بنائی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں:  ادارے نے 4 لاکھ کہکشاؤں کی دلفریب ویڈیو جاری کردی

Related Posts