کراچی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹیسٹ سیریز کیلئے ٹرافی کی رونمائی ہوئی جس کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور کوئنٹن ڈی کوک کے مابین فوٹو سیشن کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹیسٹ سیریز کل سے شروع ہوگی جس کیلئے ٹرافی شائقینِ کرکٹ کے سامنے لائی گئی۔ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے کپتان کوئنٹن ڈی کوک اور بابر اعظم کے مابین فوٹو سیشن بھی ہوا۔
اس موقعے پر دونوں کرکٹ ٹیموں کے کپتان ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کے ساتھ منفرد انداز میں نظر آئے۔ تصویر میں بابر اعظم اور کوئنٹن ڈی کوک کی تصاویر اس ٹرافی کے ہمراہ کھینچی گئیں جو ٹیسٹ سیریز میں جیتنے والی ٹیم کو دی جائے گی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم جنوبی افریقہ کے خلاف جیت کیلئے پر عزم ہیں۔ بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ہم نے جیت کیلئے جو پلان بنایا ہے، اس کے مطابق ہی میدان میں اتریں گے۔ پریکٹس کے دوران کھلاڑیوں نے کافی محنت کی۔
کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم جنوبی افریقہ کے خلاف میچز میں اچھے نتائج لانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ کھلاڑیوں کا انتخاب صورتحال کو دیکھ کر کیا جائے گا۔ کوئنٹن ڈی کوک بھی پاکستانی ٹیم کے خلاف چیلنج سے بھرپور کھیل کیلئے پر امید نظر آئے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ٹیم کا حصہ بننے کیلئے 14 سال انتھک محنت کی،بابراعظم
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








