ملائشیاء کے دارالحکومت کوالالمپور میں قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کا بوئنگ 777 طیارہ مقامی حکام نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملائشیاء میں پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ عدالتی احکامات پر قبضے میں لیا گیا ہے۔ پی آئی اے نے طیارے کے لیز واجبات ادا نہیں کیے تھے جس پر مقامی حکام کو ایکشن لینا پڑا۔
باوثوق ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز نمبر پی کے 895 کراچی سے آج کوالالمپور پہنچی تھی جس کے بعد ملائشین حکام نے یہ کارروائی کی۔ پی آئی اے نے 2015ء میں بوئنگ 777 طیارہ ویتنام کی کمپنی سے لیز پرحاصل کیا تھا۔
ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کا طیارہ عدالتی احکامات پر کوالالمپار حکام نے قبضے میں لیا۔ اس معاملے میں برطانوی عدالت میں پی آئی اے اور ایک پارٹی کا کیس زیرِ التواء ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مسئلے کے احسن حل تک قبضے میں لیے گئے پی آئی اے کے طیارے میں موجود مسافروں کی مناسب دیکھ بھال کی جائے گی۔ طیارے کو قبضے میں لیا جانا ایک ناخوشگوار صورتحال ہے۔
قومی ائیر لائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے کو قبضے میں لینا ایک ناقابلِ قبول عمل ہے۔ ہم نے اس معاملے پر حکومت سے معاونت طلب کی ہے۔ہم نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ یہ معاملہ ملائشین حکومت سے سفارتی سطح پر اٹھایا جائے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ بوئنگ 777 لیز کیلئے جو رقم پی آئی اے نے لیز کمپنی کو ادا نہیں کی وہ 14 ملین ڈالر ہے۔ عدالتی حکم پر طیارے کو ٹیک آف سے قبل کوالالمپور ائیرپورٹ پر روک لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کچھ دیر میں کیے جانے کا امکان
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








