حج سیزن شروع ہوگیا، کورونا پابندیوں کے باعث دو سال کے انتظار کے بعد غیر ملکی عازمین حج حجاز مقدس پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، اس سلسلے میں مکہ مکرمہ میں ہوٹلوں کےاڑھائی لاکھ کمرے اندرون وبیرون ملک سے آنے والے عازمین کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق مکہ مکرمہ میں ہوٹلوں کے علاوہ عازمین کی رہائش کے لیے تین ہزار سے زائد دیگر عمارتوں میں سے حرم کے قریب عمارتوں کے کم سے کم کرائے پر حصول کے لئے مسابقت شروع ہو گئی ہے۔
مکہ مکرمہ میں حجاج کی رہائشی کمیٹی کی جاری کردہ معلومات کے مطابق حرم شریف کے قریبی عمارتوں کے مالکان نے عازمین حج کو اپنی عمارتوں میں ٹھہرانے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور کمیٹی کی زیر نگرانی مختلف سہولتوں کی فراہمی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
کمروں کی تیاری کے ساتھ ہی عمارتوں کے ایک ایک حصے کو جراثیم کش ادویہ کے ذریعے صاف کرنے اور رکھنے کا اہتمام کیا جائے گا۔مکہ مکرمہ میں حجاج کی رہائشی کمیٹی نے کہا ہے کہ رہائش کے لیے تیار عمارتوں کے پرمٹ کا اجرا بند کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 2 سال سے کورونا وبا کے باعث مکہ مکرمہ میں حج پرآنے والوں کے لیے رہائش کا کوئی مسئلہ نہیں تھا۔ اس سال پہلی بارعمارتوں پر جگہ جگہ “کرائے کے لئے خالی ہے”کے بورڈ نظر آرہے ہیں۔