اسلام آباد کے ڈاکٹرز کا کارنامہ! پمز میں پہلی بار روبوٹک سرجری کامیابی سے مکمل

تازہ ترین

تازہ ترین

PIMS Just Completed First-Ever Successful Robotic Surgery in Islamabad
ONLINE

اسلام آباد نے طبّی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل عبور کیا ہے جہاں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پِمز) نے دارالحکومت میں پہلی مرتبہ روبوٹک سرجری کامیابی سے انجام دے دی۔

یہ کامیابی نہ صرف ملکی ہیلتھ کیئر سسٹم میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال کی جانب ایک بڑا قدم ہے بلکہ پیچیدہ آپریشنز میں غیر معمولی درستگی، کم خطرات اور محفوظ نتائج کی ضمانت بھی فراہم کرتی ہے۔

مصدقہ طبّی حکام کے مطابق یہ آپریشن ٹو مائی سرجیکل روبوٹ نامی جدید سسٹم کی مدد سے انجام دیا گیا، جس نے سرجری کے ہر مرحلے کو انتہائی باریک بینی کے ساتھ مکمل کیا۔

پمز انتظامیہ کے مطابق اس جدید سرجیکل عمل میں برطانوی ماہرین نے بھی پاکستانی سرجنز کے ساتھ اشتراک کیا اور کلینکل رہنمائی فراہم کی جس سے اس اہم سنگ میل کو ممکن بنانے میں مدد ملی۔

اس کامیاب آپریشن کی قیادت پروفیسر شمیـم خان، پروفیسر متین شریف اور ڈاکٹر جاوید برکی نے کی، جنہوں نے بین الاقوامی اور مقامی ٹیم کے ساتھ مل کر پورے عمل کی نگرانی کی۔

ان تجربہ کار ماہرین کا کردار تکنیکی اعتبار سے اس سرجری کو محفوظ اور مثالی بنانے میں نہایت اہم رہا۔

پمز کے معروف ماہرین ڈاکٹر عاطف انعام شامی، ڈاکٹر برہان الحق اور ڈاکٹر خالد سعید کے مطابق روبوٹک سرجری پاکستان میں طبّی سہولیات کو نئی سطح تک لے جائے گی۔

ان کے مطابق اس تکنیک کے ذریعے کیے گئے آپریشنز نہ صرف زیادہ محفوظ اور مؤثر ہوں گے بلکہ مریضوں کو کم زخم، کم تکلیف اور تیز رفتار صحت یابی جیسی سہولیات بھی حاصل ہوں گی۔

طبی اعتبار سے یہ ٹیکنالوجی روایتی سرجری کے مقابلے میں زیادہ درست نتائج دیتی ہے۔

اس تاریخ ساز کامیابی نے پاکستان کے طبی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے نئے دور کا آغاز کردیا ہے جس سے مستقبل میں درجنوں پیچیدہ آپریشنز مزید محفوظ، آسان اور معیاری طریقے سے انجام دیے جاسکیں گے۔

Related Posts