پاکستان اور چین میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ جاری ہے جس کے دوران ہمسایہ اور دوست ملک چین سے طبی سامان لے کر ایک اور طیارہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔
قومی ڈیزازسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے شہرِ اقتدار میں میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم چینی عوام اور حکومت کے احسان مند ہیں۔ وائرس کی روک تھام کیلئے طبی سازوسامان ضروری ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ ہمیں وینٹی لیٹرز سے بڑھ کر آکسیجن کی ضرورت ہے تاکہ عالمی وباء کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی جاسکے۔ ٹیسٹنگ کا سازوسامان ضرورت کے مطابق دستیاب ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ ملک بھر میں جتنی بھی ٹیسٹنگ ضروری ہو، کی جاسکتی ہے جبکہ چین نے ہمیں 1 لاکھ 50 ہزار این 95 ماسک اور دیگر طبی سامان بھیجا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ہمسایہ ملک چین سے مہلک کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے طبی امدادی سامان کا جہاز پاکستان پہنچ گیا۔
ٹوئٹر پر 27 اپریل کو اپنے پیغام میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے طبی سازوسامان پر مشتمل 3 جہاز آئیں گے جن میں سے 1 جہاز آگیا۔
مزید پڑھیں: چین سے طبی سامان کا جہاز پاکستان پہنچ گیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








