کوئٹہ: وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلی سطح اجلاس کی صدارت کی ،وزیراعظم کوصوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بلوچستان کے گورنر ، وزیراعلیٰ ، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید ، وفاقی وزراء علی امین گنڈا پور ، علی زیدی ، معاون خصوصی ذوالفقار بخاری نے شرکت کی۔ کمانڈر سدرن کمانڈ ، انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور اور وزیر داخلہ بلوچستان بھی شریک ہوئے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت صوبے میں سیکورٹی کی صورتحال کے حوالے سے خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ امن دشمن قوتوں کیخلاف آپریشن کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے بلوچستان حکومت کو امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سیکورٹی اقدامات مزید سخت کئے جائیں اور ہزارہ برادری کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے جبکہ صوبے میں بھارتی کارروائیو ں کے سدباب کیلئے اقدامات کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ آج ہزارہ شہد اء کی تدفین کے بعد وزیراعظم عمران خان ہزارہ متاثرین سے ملاقات کیلئے کوئٹہ پہنچے تھے جہاں انہوں نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی اور متاثرین کے خاندانوں سے بھی ملاقات کی۔