وزیر اعظم شہباز شریف 14 ماہ میں معاشی استحکام لانے کیلئے پر عزم

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے 14 ماہ میں معاشی استحکام لانے کیلئے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے معاشی استحکام کا تعلق سیاسی استحکام سے ہے۔ بہتر فیصلے کرنے کیلئے ذاتی اختلافات ختم کرنا ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ملک کو معاشی مشکلات سے نکال کر استحکام کی راہ پر گامزن کرے گی۔ ملک کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے تاہم ان کو حل کریں گے۔ 14ماہ میں معاشی استحکام لانا اوّلین ترجیح ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

جولائی میں لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگا۔وزیر اعظم

بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مشاورت اتحادی حکومت کیلئے اہم ہے۔ کسی سے گلہ نہیں کرتے۔ ملک کی مستقل ترقی کیلئے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ اگر حکومت درست سمت میں نہ گئی تو تاریخ میں ہمارا ذکر نہیں کیا جائے گا۔

وفاقی وزیرِ خزانہ کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے آئی ایم ایف سے 2ارب ڈالر ملنے کی یقین دہانی کرائی۔ حکومت کی منزل خود انحصاری ہے جو قوم کی سیاسی و معاشی آزادی کی ضامن ہے۔ پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک میں ہنر مند لوگوں اور وسائل کی کمی نہیں ہے۔ حکومت چاہتی ہے  نوجوان معاشی چیلنجز پر غور کرتے ہوئے اپنی رائے بیان کریں۔ معاشی بحران پوری دنیا میں آیا ہوا ہے۔ دنیا بھر میں کوئلے اور تیل کو آگ لگا دی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کوئلہ سی پیک میں استعمال کرے گی۔ سابق حکمرانوں نے ترقیاتی منصوبے التوا میں ڈال دئیے۔ گیس کے سستے اور طویل المدتی معاہدے نہیں کرسکے۔ ہمیں مل جل کر آئندہ نسلوں کیلئے کام کرنا ہے۔ ایک سال میں 2 ارب ڈالر کا زرِ مبادلہ بچائیں گے۔ 

Related Posts