اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے پہلے سے حاصل شدہ سازگار ماحول پر انحصار کرتے ہوئے نشاندہی کئے گئے منصوبوں کی تکمیل کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے یہ بات آج اسلام آباد میں ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس کو اہم شعبوں میں ایس آئی ایف سی کے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر، وفاقی کابینہ کے ارکان صوبائی وزراء اور اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعظم نے مجموعی حکومتی ویژن کے ذریعے ایس آئی ایف سی کے عمدہ کام کو سراہا۔
اپیکس کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کی عالمی سطح پر رسائی حاصل کرنے کی حکمت عملی اور دوست ممالک کے ساتھ جاری اشتراک عمل کو سراہا جس میں سعودی عرب تحفظ خوراک کے بارے میں اسلامی تنظیم کی طرف سے اعلیٰ سطح کے وفد کے دورے شامل ہیں۔
کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا اور ملکی معیشت کی بحالی کی مثبت رفتار کو برقرار رکھنے میں اپنے عزم اور حمایت کا اظہار کیا۔
کمیٹی نے گزشتہ حکومت میں منظور کردہ سرمایہ کاری راغب کرنے کے منصوبوں خصوصاً زراعت، لائیوسٹاک، کان کنی، معدنیات،آئی ٹی اور توانائی منصوبوں کی بھی توثیق کی۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد پولیس نے ایمان مزاری کو رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کرلیا
اس موقع پر جنرل عاصم منیر نے ملکی معیشت کی بحالی اور پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے پالیسیوں کے تسلسل کیلئے نگران حکومت کو پاک فوج کی طرف سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








