اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان سے لاپتہ افراد کے لواحقین کی کمیٹی کے اراکین کی ملاقات ہوئی، اس موقع پر وزیر اعظم نے لاپتہ افراد سے متعلق تمام تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے لاپتہ افراد کے لواحقین کی کمیٹی کے اراکین نے تفصیلی ملاقات کی ہے۔ ہونے والی اس ملاقات میں وفاقی وزیر شیریں مزاری اور زبیدہ جلال بھی موجود تھیں۔
وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کے موقع پر لاپتہ افراد سے متعلق تفصیلات طلب کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو ذمہ داری دی کہ وہ انھیں موجودہ صورتحال سے آگاہ کریں اور اس حوالے سے مکمل تفصیلات فراہم کریں۔
وزیراعظم عمران خان نے انہیں ہدایت کی کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے عمل سے لواحقین کو مسلسل آگاہ رکھیں۔ خیال رہے کہ اسلام آباد میں 13 لاپتہ افراد کے لواحقین نے دھرنا دیا ہوا ہے اور وہ ان کی بازیابی کے لئے احتجاج کررہے ہیں۔