اسلام آباد: ایران امریکا کشیدگی کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا ہے جس کے دوران مشرقِ وسطیٰ سمیت خطے کی مجموعی سلامتی کی صورتحال پر گفتگو ہوگی۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں خطے کی داخلی و خارجی سلامتی کے حوالے سے اہم بین الاقوامی معاملات پر گفت و شنید ہوگی۔ اجلاس کل صبح ساڑھے 11 بجے وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا جس کا 10 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔
دس نکاتی ایجنڈے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سروسز ایکٹس میں پیش رفت کے حوالے سے بات چیت بھی ہوگی جبکہ کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ ماہ فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی فیصلوں پر عمل درآمد کمیٹی کی رپورٹ وفاقی کابینہ کو پیش کرے گی جبکہ وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران کابینہ وزارتوں، منسلک اداروں اور ڈویژنز کی رپورٹ کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران پاک سعودی عرب ائیر سروس معاہدوں کی توثیق کی جائے گی جبکہ پی ایس او کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، محتسب کراچی کے ممبر انچارج اور ممبر پروڈکشن کنٹرول کی تقرریوں کی منظوری بھی دی جائے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ میں ترمیمی بل کے مسودے کی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس 5 روز قبل وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جس میں کابینہ اراکین کے علاوہ اہم شخصیات نے شرکت کی، اجلاس میں آرمی چیف توسیع سے متعلق ترمیمی بل پر مشاورت کی گئی ۔
مزید پڑھیں: آرمی ایکٹ میں ترمیمی بل کے مسودے کی منظوری
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








