لاہور: وزیراعظم عمران خان آج پنجاب کے دارالحکومت لاہورکا ایک روزہ دورہ کریں گے،وزیر اعظم اپنے دورہ لاہور کے دوران فردوس مارکیٹ انڈر پاس کا افتتاح کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان کوسینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پلان کے بارے میں بھی بتایا جائے گا،وزیر اعظم کو راوی ریور فرنٹ ترقیاتی منصوبے کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا جائے گا ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور کابینہ کے ممبران بھی وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔ عمران خان صحت کے حوالے سے منصوبوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے ، اس کے علاوہ وزیر اعظم کو کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔
منگل کو پنجاب کے وزیر ہائوسنگ وترقیات میاں محمود الرشید نے زیر تعمیر فردوس مارکیٹ انڈر پاس گلبرگ کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار کا معائنہ کیا تھا، اس موقع پر میاں محمود الرشید نے ایل ڈی اے حکام کو ہدایت کی تھی کہ تعمیراتی کام جلد سے جلد مکمل کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فردوس مارکیٹ انڈر پاس جلد ہی ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا جس سے علاقے میں ٹریفک کے مسائل کم ہوں گے۔