اسلام آباد:خیبر پختونخوا کے عوام کے لئے بڑی خوشخبری، وزیراعظم عمران خان خیبر پختونخوا کے ہر مستحق خاندان کو صحت انصاف کارڈ فراہم کرنے کیلئے آج ایک پروگرام کا اجرا کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا پہلا صوبہ ہے جہاں ہر خاندان کو صحت انصاف کارڈ فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس کارڈ کا حامل خاندان سرکاری اور نجی اسپتالوں میں دس لاکھ روپے تک مفت علاج کرسکتے ہیں۔
پہلے ہی کے پی کے کی 40 فیصد آبادی صحت انصاف کارڈ سے استفادہ کر رہی ہے۔ صحت انصاف کارڈ کو عوامی سطح پر بے حد پذیرائی ملنے کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے کی ہدایت کردی ہے تاکہ ہر خاندان اس سہولت سے بھرپور استفادہ حاصل کرسکے۔
اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ خیبر پختونخوا حکومت کا بہت بڑا قدم ہے۔ صوبے کے تمام گھرانوں کو ہیلتھ انشورنس کارڈ دینے پر محمود خان اور پرویز خٹک کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اب باقی صوبوں میں بھی صحت انصاف کارڈ دینے کا پریشر ہوگا۔ سندھ کے عوام بھی یہ سہولت مانگیں گے جبکہ پنجاب میں بھی ہر خاندان کو صحت انصاف کارڈ دینے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بیماری کے علاج معالجے پر خاندان کا بھاری خرچ ہوتا ہے۔ غریب آدمی کا بیماری سے پورا گھر کا بجٹ متاثر ہو جاتا ہے۔ ہم محدود وسائل کے باوجود ہیلتھ کارڈ جاری کر رہے ہیں۔ صوبے کے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی۔
وزیراعظم نے واضح طور پر حکام کو ہدایت جاری کی کہ امریکا میں ہیلتھ کارڈ پر بڑے گھپلے ہوئے تھے، ہمارے پاس تمام ڈیٹا موجود ہونا چاہیے اور کسی قسم کی بدعنوانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔