اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے چینی قوم کو 72ویں قومی دن کے موقعے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین دوستی وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط ہورہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رات گئے اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں چین کے 72ویں قومی دن کے موقعے پر اپنی حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے چینی عوام اور قیادت کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین تاریخی رفاقت اور دوستی گہری اور مضبوط ہورہی ہے کہ ہم دونوں ممالک مل کر اپنے لوگوں اور خطے کی معاشی خوشحالی اور امن کیلئے مصروفِ عمل ہیں۔
72 ویں قومی دن کے موقع پر میں اپنی حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے چینی عوام اور قیادت کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان اور چین کے مابین تاریخی رفاقت گہری اور مضبوط تر ہو رہی ہے کہ ہم باہم ملکر اپنے لوگوں اور خطے کی معاشی خوشحالی اور امن کیلئے مصروفِ عمل ہیں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) October 1, 2021
خیال رہے کہ پاکستان کے ہمسایہ اور دوست ملک عوامی جمہوریہ چین کا 72واں قومی دن گزشتہ روز یکم اکتوبر کو منایا گیا جو 1949 میں چینی کمیونسٹ پارٹی (سی پی سی) کے چیئرمین ماؤزے تنگ کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
ماؤزے تنگ نے چین کو سرمایہ دارانہ نظام اور سامراجیت سے آزاد کردیا جس پر پوری چینی قوم اپنے نیشنل ہیرو کی شکر گزار ہے۔ قومی دن کی مناسبت سے ہر سال یکم سے 7 اکتوبر تک چینی عوام چھٹیاں مناتے ہیں جسے سنہری ہفتہ قرار دیا گیا ہے۔
بیجنگ میں قائم تیان من اسکوائر میں ہر سال قومی دن کی سب سے بڑی تقریب منعقد کی جاتی ہے۔ فوجی پریڈ میں عسکری قوت کا بھرپور مظاہرہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ قومی دن کی اہمیت اس لیے بھی ہے کیونکہ اسی روز سے چین کی تعمیر و ترقی شروع ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف سے ڈنمارک کے وزیر خارجہ کی ملاقات
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








