لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ، سعد رضوی کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار

تازہ ترین

تازہ ترین

لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ، سعد رضوی کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار
لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ، سعد رضوی کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار

لاہور ہائیکورٹ نے کالعدم مذہبی و سیاسی تنظیم ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کی نظر بندی کے نوٹیفکیشن کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کالعدم ٹھہرایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کے چچا کی طرف سے دائر کی گئی قانونی درخواست کی سماعت لاہور ہائی کورٹ میں 2 روز قبل ہوئی۔ بعد ازاں مقدمے کا مختصر فیصلہ فریقین کو پڑھ کر سنایا گیا۔

عدالتِ عالیہ لاہور کے معزز جج جسٹس طارق سلیم شیخ نے مختصر فیصلہ پڑھ کر سناتے ہوئے فریقین کو آگاہ کیا کہ تفصیلی فیصلے کا اعلان بعد میں ہوگا۔ مختصر فیصلے میں عدالت نے سرکاری نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا۔

نظر بندی کا نوٹیفکیشن کالعدم ہونے کے بعد ٹی ایل پی کے سربراہ کو رہائی کا پروانہ کسی بھی وقت مل سکتا ہے کیونکہ قانونی طور پر سعد رضوی کی گرفتاری کسی دوسرے مقدمے میں ظاہر نہیں کی گئی۔

آج سے 3 ماہ قبل 9 جولائی کے روز سعد رضوی کو انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت دوبارہ نظر بند کیا گیا جس کیلئے نوٹیفکیشن وفاقی حکومت نے جاری کیا جبکہ ہائیکورٹ نظر ثانی بورڈ پہلے ہی پنجاب حکومت کی درخواست مسترد کرچکا تھا۔

ہائیکورٹ میں حالیہ درخواست کی سماعت کے دوران سعد رضوی کے چچا کی جانب سے وکیل نے دلائل دئیے کہ وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن میں دوبارہ نظر بندی کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی۔ حکومت نے متعدد بار درخواست کے باوجود بھی وجہ بتانے سے گریز کیا۔

خیال رہے کہ 21 ستمبر کے روز کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ حافظ سعد رضوی کا یومِ پیدائش جیل میں نظر بندی کے دوران گزرا، پولیس نے حافظ سعد رضوی کو لاہور سے جولائی کے دوران گرفتار کیا تھا۔

کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ حافظ سعد رضوی کے چاہنے والوں نے ان کی عدم موجودگی کے باعث سوشل میڈیا پر افسردگی کا اظہار کیا، سعد رضوی21ستمبر 1994ء کو پیدا ہوئے، کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی کے انتقال کے بعد انہیں تحریک لبیک کا امیر مقرر کیا گیا۔

مزید پڑھیں: کیا سعد رضوی اگلی سالگرہ بھی جیل میں منائیں گے؟

Related Posts