ارتھ آور: آج رات 8:30سے 9:30 تک لائٹس بند کردیں، وزیراعظم کی قوم کو ہدایت

تازہ ترین

تازہ ترین

شہباز شریف
(فوٹو: آن لائن)

وزیراعظم شہباز شریف نے ارتھ آور کی مناسبت سے قوم کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج رات 8 بج کر 30 منٹ سے لے کر ساڑھے 9 بجے تک تمام غیر ضروری لائٹس بند رکھیں۔

تفصیلات کے مطابق ارتھ آور منانے کے دن پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام آج رات کو بھرپور طریقے سے ارتھ آور منائے۔ ایک گھنٹے کیلئے بجلی کا استعمال کم سے کم کردیں کیونکہ موسمیاتی تبدیلیاں قوم کیلئے ایک بڑا چیلنج ہیں۔

پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کے فیصلے آنے والی نسلوں کے مستقبل کا تعین کریں گے۔ حکومت موسمیاتی مزاحمت پر مبنی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ گرین پاکستان اور ریچارج پاکستان جیسے منصوبے ماحول کی بحالی کیلئے اہمیت کے حامل ہیں۔ آئیں اور مل کر سرسبز اور محفوظ پاکستان کی بنیاد رکھیں۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی قوم سے ارتھ آور منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1گھنٹے کیلئے غیر ضروری روشنیاں بند کردیں۔ ماحول کے تحفظ کیلئے اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں۔ روشنیوں کی 1 گھنٹے کی علامتی بندش عملی ماحولیاتی اقدامات کی ترغیب ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متأثرہ ممالک میں شامل ہے۔ حالیہ سیلاب، گرمی کی لہریں اور خشک سالی پاکستان کیلئے بڑے چیلنجز ہیں اور ہمارے کسان بدلتے ہوئے موسمی رجحانات کے باعث غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔ شہروں میں بدلتا ہوا درجہ حرارت بجلی کے نظام پر دباؤ کا باعث ہے۔

Related Posts