اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے خلاف مہم کے تناظر میں کہا ہے کہ عمران خان اداروں کو سیاست میں گھسیٹ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم پاک فوج اور آرمی چیف کے خلاف بیرونِ ملک ناپاک مہم کی مذمت کرتے ہیں۔ مہم نہ صرف ناقابلِ برداشت بلکہ اداروں کے خلاف سازش کا تسلسل بھی ہے۔
مریم نوازاوررانا ثناء اللہ کیخلاف مقدمہ درج کرنیکی درخواست
بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان سربراہانِ ادارہ کو گندی سیاست میں گھسیٹتے ہیں جس سے آئین شکنی ہو رہی ہے۔ تاریخ میں پہلی بار میرٹ پر لگنے والے آرمی چیف کے خلاف مہم ملک دشمنوں کا ہی شاخسانہ ہوسکتی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے باہر موجود محبِ وطن پاکستانیوں کو فارن فنڈڈ مہم کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔ تحریکِ انصاف کی زہریلی سیاست بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے ذریعے پھیل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کو ہدایت کرتا ہوں کہ ادارہ مخالف غلیظ مہم چلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ پاکستان میں فساد، بغاوت اور افراتفری کو ہوا دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ قوم اپنے ملکی اداروں کے ساتھ ہے اور ہم شرپسندوں کے خلاف متحد ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








