وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 7روپے کمی کا اعلان کردیا ہے۔ اسلام آباد میں ہونے والی تقریب کے دوران بجلی کی قیمت کم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو عید کا تحفہ پیش کررہا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بجلی کی قیمت میں کمی کے حکومتی پیکیج کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ جبکہ صنعتی صارفین کیلئے بجلی کی قیمت 7 روپے 59 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں پیٹرول کی قیمت میں 38روپے کی کمی آئی ہے۔
تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف ہماری بات سننے کو تیار نہیں تھا۔ ہم نے حکومت سنبھالی تو ملک پر ڈیفالٹ کی تلوار لٹک رہی تھی۔ آئی ایم ایف پروگرام کے ہوتے ہوئے عوام کو کوئی سبسڈی نہیں دی جاسکتی۔ ہم منزل کی جانب تیزی سے قدم بڑھا رہے ہیں۔
خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمت پورے خطے کے مقابلے میں آج بھی سب سے کم ہے۔ مہنگی بجلی کی وجہ سے ملک بھر میں معاشی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے دن رات کوششیں کی گئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایک مخصوص ٹولے نے اپنے سیاسی مفادات پر ریاستی مفادات کو قربان کیا۔ ملکی معیشت اندھیروں کی بجائے اجالوں کی طرف آچکی ہے۔ ملک بھر میں پالیسی ریٹ 12فیصد تک آچکا ہے جس سے کاروباری سرگرمیوں میں جان پیدا ہوئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








