اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی صدارت خود کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ ای سی سی کی تشکیل کے جاری نوٹیفکیشن میں صدارت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی دوبارہ تشکیل کرتے ہوئے صدارت کے فرائض وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے سپرد کردئیے جبکہ اراکین میں متعلقہ وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام کو شامل کیا گیا ہے۔
چیئرمین ای سی سی محمد اورنگزیب ہوں گے جو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے تمام تر فیصلے کریں گے جبکہ کمیٹی اراکین میں وزیر تجارت، وزیر اقتصادی امور، وزیر پیٹرولیم، وزیر پاور اور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو شامل کیا گیا ہے۔

وفاقی کابینہ ڈویژن نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی از سر نو تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے صدارت خود کرنے کا سابقہ فیصلہ واپس لیتے ہوئے اس کی وجوہات واضح نہیں کی گئیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








