اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکس ریفنڈ میں اربوں روپے کا فراڈ پکڑا گیا ہے جبکہ ڈیجیٹائزیشن کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن کے اجلاس کی صدارت کی جو 4 گھنٹوں تک جاری رہا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم کو اِن لینڈ ریونیو اور کسٹمز میں اصلاحات اور ڈجیٹائزیشن پر بریفنگ دی گئی۔
ایف بی آر نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ مختلف عدالتوں اور ٹریبونلز میں ٹیکس پر 3.2کھرب کے 83 ہزار سے زائد مقدمات التواء میں ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کی مددد سے ٹیکس کی استطاعت رکھنے والے 39 لاکھ شہریوں کی نشاندہی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے اصلاحات کے حوالے سے ایف بی آر کے کئی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کی نشاندہی کرتے ہوئے اس پر افسوس کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ دولت مند شہریوں اور سرمایہ داروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے ترجیح دی جائے۔
اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 4 مہینوں میں ٹیکس ریفنڈ میں 800 ارب کا فراد پکڑا گیا۔ ڈیجیٹائزیشن کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے جبکہ ایف بی آر میں اصلاحات کی مدد سے ہی محصولات میں اضافہ کیاجاسکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








