جاوید عالم اوڈھو کو دوبارہ کراچی پولیس چیف مقرر کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل اسی عہدے پرکام کرنے والے قائم مقام کراچی پولیس چیف عمران یعقوب منہاس عہدے سے ہٹا دئیے گئے۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے جاوید عالم اوڈھو کو دوبارہ کراچی پولیس چیف تعینات کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ عام انتخابات سے قبل یہ عہدہ خادم حسین رند کے پاس تھا۔
انتخابات کے بعد خادم حسین رند کو بھی کراچی پولیس چیف کے عہدے سے ہٹایا گیا اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے آئی جی عمران یعقوب منہاس کو کراچی پولیس چیف کے اضافی چارج سے نوازا گیا تھا۔
آج سے 2 سال قبل بھی جاوید عالم اوڈھو کو 2 جون 2022 کے روز کراچی پولیس چیف تعینات کردیا گیا تھا جبکہ نگران دورِ حکومت میں جاوید عالم اوڈھو کو اس مؤقر عہدے سے ہٹا دیا گیا اور خادم حسین رند کراچی پولیس چیف بن گئے تھے۔
انتخابات ختم ہوئے تو سابق کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کو آئی جی سندھ کا چارج دے دیا گیا تھا۔محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے آئی جی عمران یعقوب منہاس کو کراچی پولیس چیف بنایا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








