اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سرکاری دورے کیلئے فرانس روانہ ہو گئے جہاں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف آج فرانس کیلئے روانہ ہوگئے۔ وزیر اعظم نیو گلوبل فنانشل پیکٹ کیلئے کل اور 23 جون کو پیرس میں منعقدہ سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے، اس دوران آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کا امکان ہے۔
ہمارا منصوبہ بیرونی سرمایہ کاری 5ارب ڈالرز تک پہنچانا ہے۔وزیراعظم
وزیر اعظم شہباز شریف آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے متوقع ملاقات کے دوران پاکستان کو قرض کی اگلی قسط کی فراہمی سمیت دیگر معاشی معاملات پر گفتگو کریں گے۔ قبل ازیں وزیر اعظم نے کرسٹالینا جارجیوا کو خط بھی لکھا تھا۔
اپنے خط میں وزیر اعظم نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر سے پاکستان کیلئے قرض فراہمی سمیت دیگر معاملات پر گفتگو کی۔ فرانس میں نیو گلوبل فنانشل پیکٹ کانفرنس میں پاکستان جیسے ماحولیاتی تبدیلیوں، توانائی، صحتِ عامہ اور معاشی مشکلات کا شکار ممالک پر گفتگو ہوگی۔
کانفرنس میں قرض میں ڈوبے ہوئے ممالک کی بحالی پر غور کیا جائے گا جبکہ معاشی و اقتصادی طاقت رکھنے والے ملک ترقی پذیر اور قرض میں جکڑے ہوئے ممالک کی قلیل مدتی مشکلات پر قابو پانے کیلئے ممکنہ اقدامات کا جائزہ بھی لیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








