اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی ضروریات کیلئے مناسب مقدار میں پیٹرولیم مصنوعات موجود ہیں، حالیہ صورتحال میں عوامی ریلیف حکومت کی اوؔلین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس کے دوران ملک بھر میں ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری اقدامات کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے مختلف بچتوں، ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کرکے 125ارب کی خطیر رقم مہیا کی ہے۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ 3 ہفتوں میں جس قدر ممکن ہوسکا، عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے جس کا مقصد عوام کو عالمی سطح پر کشیدگی کے براہِ راست اثرات سے محفوظ رکھنا ہے۔ ملک بھر کے موٹر سائیکلز اور رکشوں کا ڈیٹا ڈیجیٹائز کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رکشہ اور موٹر سائیکل مالکان کو مستقبل میں حکومت کی طرف سے ریلیف سے مستفید ہونے کا موقع ملے گا، وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو موٹر سائیکلز اور رکشہ مالکان کو رجسٹریشن اپنے نام کروانے کیلئے سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
شرکائے اجلاس نے عوام سے گزارش کی کہ بچت مہم میں حکومت کا ساتھ دیتے ہوئے غیر ضروری طور پر سفر سے گریز کریں اور دفاتر اور کام کی جگہوں پر بھی ٹیلی کانفرنس کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات کی بچت کو فروغ دیں۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز سے رابطے تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








