پی آئی اے کی پرواز 6سال بعد 329مسافروں کو لے کر لندن روانہ

تازہ ترین

تازہ ترین

پی آئی اے
(فوٹو: آن لائن)

پاکستان کی قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کی پرواز 6سال کے طویل عرصے کے بعد 329مسافروں کو لے کر لندن روانہ ہوگئی، اس تاریخی موقعے پر تقریب بھی منعقد ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پرمسافروں کو خداحافظ کہنے کیلئے تقریب منعقد ہوئی۔ خصوصی تقریب میں برطانوی ہائی کمشنر اورسیکرٹری دفاع  نےبھی شرکت یقینی بنائی۔

اس موقعے پر متعدد مسافروں نے لندن کیلئے6سال بعد براہِ راست فلائٹ آپریشن کے آغاز پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔  قومی ائیر لائن کی پرواز 329مسافروں کو لے کر لندن روانہ ہوگئی۔

پی آئی اے کا بوئنگ 777طیارہ برطانوی روٹ پر استعمال کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان لندن کیلئے ہفتہ وار 4پروازوں کا فلائٹ آپریشن آپریٹ کرے گا جبکہ برطانیہ کے شہر مانچسٹر کیلئے ہفتہ وار 3 پروازیں بھی آپریٹ کی جارہی ہیں۔

خیال رہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی، ایران جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث ملک میں جیٹ فیول کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے۔ جیٹ فیول مہنگا ہونے کے باعث پی آئی اے چلانا مشکل ہوگیا۔

 گزشتہ 28روز میں جیٹ فیول کے نرخ پانچویں بار بڑھائے گئے۔ کمرشل طیاروں کیلئے استعمال ہونے والے جیٹ فیول کی قیمت میں مزید 5روپے فی لیٹر اضافے سے نئی قیمت 476روپے 97پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

Related Posts