مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی، ایران جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث ملک میں جیٹ فیول کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے۔ جیٹ فیول مہنگا ہونے کے باعث پی آئی اے چلانا مشکل ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ 28روز میں جیٹ فیول کے نرخ پانچویں بار بڑھائے گئے۔ کمرشل طیاروں کیلئے استعمال ہونے والے جیٹ فیول کی قیمت میں مزید 5روپے فی لیٹر اضافے سے نئی قیمت 476روپے 97پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
حکام کا ماننا ہے کہ یکم مارچ سے اب تک جیٹ فیول کی مجموعی قیمت میں فی لیٹر 288روپے کا ریکارڈ اضافہ نوٹ کیا گیا۔ یکم مارچ کو جیٹ فیول کی قیمت صرف 188روپے فی لیٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔
اس حوالے سے حال ہی میں پی آئی اے خریدنے والے عارف حبیب گروپ کے سربراہ عارف حبیب کا کہنا ہے کہ جیٹ فیول کی قیمتوں میں اضافے کا یہ سلسلہ جاری رہا تو پی آئی اے کو چلانا مشکل ہوجائے گا۔
خیال رہے کہ ایران جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر میں جیٹ فیول سمیت دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور پیٹرولیم مصنوعات عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








