ایران سے تجارت کرنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری! حکومت نے بینک گارنٹی کی شرط ختم کردی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

وفاقی حکومت نے برآمد کنندگان کو ایران کے ذریعے برآمدات کیلئے بینک گارنٹی اور لیٹر آف کریڈٹ (ایل سی) کی شرط سے عارضی استثنیٰ دے دیا ہے۔

وزارتِ تجارت کے مطابق اس عارضی استثنیٰ کے تحت ایران، آذربائیجان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کو زمینی راستوں کے ذریعے برآمدات کی اجازت ہوگی۔ یہ سہولت تین ماہ کے لیے ہے اور 24 مارچ سے 21 جون 2026 تک نافذ العمل رہے گی۔

وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے کہا کہ حکومت نے یہ قدم برآمد کنندگان کو سہولت دینے اور علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے لیے اٹھایا ہے۔ ایران کو مختلف اشیاء کی برآمد کی اجازت دی گئی ہے جن میں چاول، سمندری غذا، آلو، گوشت، پیاز، سویٹ کارن، پھل، ادویات اور خیمے شامل ہیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک کے قوانین سے بھی جزوی استثنیٰ دیا گیا ہے البتہ برآمدی آمدنی کو مقررہ مدت کے اندر ملک واپس لانے کی شرط برقرار رہے گی۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ ایران کے راستے وسطی ایشیا اور آذربائیجان کو چاول اور دیگر اشیاء کی برآمد سے تجارتی سہولت میں اضافہ ہوگا اور ادویات کی برآمد میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ برآمدات میں اضافے سے ملک کو معاشی استحکام کی جانب بڑھنے میں مدد ملے گی۔

Related Posts