اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے آج پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے اسلام آباد میں ہوگا،پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اتحادی جماعتوں کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ایک ایسے وقت میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا ہے جب اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا پہلا جلسہ آج گوجرانوالہ میں ہونے جارہا ہے۔
اس سے قبل وزیر اعظم نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپوزیشن لیڈر اپنی بدعنوانی کو بچانے کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا تھاکہ اپوزیشن رہنماؤں کو ان کا مطلوبہ این آر او نہیں ملے گا۔
دوسری جانب پی ڈی ایم کا پہلا اجلاس آج گوجرانوالہ میں ہوگا جس کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کی قیادت میں منصوبے کو حتمی شکل دیدی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان قافلوں کے ہمراہ گوجرانوالہ پہنچیں گے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لالہ موسیٰ سے ریلی لے کر پنڈال پہنچیں گے۔