وزیر اعظم پاکستان عمران خان وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے کل سعودی عرب کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے جس کے دوران سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔
رواں ماہ 18 سے 20 دسمبر کے دوران وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ ملائشیاء سے قبل سعودی عرب کا دورہ صرف ایک روز پر مشتمل ہوگا۔
ایک روزہ سرکاری دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے جبکہ اس دوران پاک سعودی تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور معاشی تعاون پر گفتگو ہوگی۔
وزیر اعظم عمران خان سعودی فرماں روا شاہ سلمان سمیت دیگر اعلیٰ سعودی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے جن کے دوران مختلف موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ،مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سعودی ریاض میں واقع وزارتِ خارجہ دفتر پہنچے تو سعودی وزیر خارجہ سمیت وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے ان کا خیرمقدم کیا ۔
مزید پڑھیں: شاہ محمود قریشی کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








