انقرہ: ترکیہ میں تیار کیا گیا پاک بحریہ کا پہلا بابر کلاس جہاز پی این ایس بابر ترکیہ سے پاکستان کیلئے روانہ ہوگیا جس کے انڈکشن کی تقریب کراچی میں ہوگی۔
نجی ٹی وی اے آر وائی کی رپورٹ کے مطابق ترک حکام نے استنبول سے پی این ایس بابر کو پہلے سفر کیلئے روانہ کردیا۔ جہاز کی کمیشننگ تقریب گزشتہ برس ستمبر میں ہوئی۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ جہاز کے انڈکشن کی تقریب کراچی میں ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق پی این ایس بابر کی تعمیر 4جون 2020 کو شروع ہوئی جسے آج 4سال مکمل ہوچکے ہیں۔ جہاز کو 15اگست 2021 کو لانچ کیا گیا۔ ورٹیکل لانچنگ سسٹم سے لیس بابر کلاس کے 4 جہاز پاکستان نیوی کے بحری بیڑے کا حصہ بنائے جارہے ہیں۔
پاکستان اور ترکیہ کے مابین معاہدے کے تحت 2 جہاز استنبول اور 2 کراچی میں تیار کیے جا رہے ہیں۔بابر کلاس کے 3 دیگر جہاز پی این ایس بدر، طارق اور خیبر اس وقت اپنی تیاری کے مختلف مراحل سے گزر رہے ہیں، رپورٹ کے مطابق بابر کلاس جہاز بہ یک وقت سطح آب، زیر آب اور فضا میں جنگ لڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








