سندھ کے شہر حیدرآباد میں گیس سلنڈر دھماکے میں مزید 2 افراد جاں بحق ہو گئے جس سے دھماکوں میں اموات کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایم ایس کا کہنا ہے کہ سول ہسپتال میں گیس سلنڈر دھماکوں سے زخمی ہونے والے 7افراد زیر علاج ہیں جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے۔ حال ہی میں حیدر آباد کے علاقے پریٹ آباد میں دھماکے ہوئے تھے۔
پریٹ آباد میں گیس سلنڈر دھماکوں سے آگ بھڑک اٹھی۔ آتشزدگی کے باعث دکان کے کئی سلنڈرز دھماکوں کے ساتھ پھٹ گئے۔ دھماکے سے ہونے والی آتشزدگی سے قریبی عمارات کو بھی نقصان پہنچا۔ متعدد افراد جھلس گئے جو ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
حکام نے پریٹ آباد گیس سلنڈر دھماکوں کے بعد حیدر آباد میں ایل پی جی کی دکانیں بند کرادیں۔ متعلقہ ڈی سی کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کا کاروبار کرنے والے این او سی لیں۔ آبادی میں کاروبار کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
خیال رہے کہ حیدر آباد اور کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بے شمار ایل پی جی کا کاروبار کرنے والے این او سی لیے بغیر ہی کاروبار کر رہے ہیں۔ ڈی سی کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کاروبار کی اجازت ہائی ویز پر دی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








