بھارت میں زہریلا پانی پینے سے 8افراد ہلاک، 100سے زائد ہسپتال میں داخل

تازہ ترین

تازہ ترین

زہریلا پانی
(فوٹو: آن لائن)

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں زہریلا پانی پینے سے 8افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد حالت غیر ہونے کے باعث مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردئیے گئے ہیں۔

یہ افسوسناک واقعہ مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے علاقے میں پیش آیا جہاں 25 سے 30 دسمبر کے دوران مختلف افراد زہریلا پانی پینے کے باعث جانی نقصان کا شکار ہوئے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ 25دسمبر کو بھارتی شہری میونسپل سپلائی کے باعث پانی میں عجیب ذائقے اور بو کی شکایت کرتے ہوئے پائے گئے۔

بعد ازاں حکومت نے متعلقہ محکمے کے زونل انچارج اور اسسٹنٹ انجینئر کے علاوہ پبلک ہیلتھ انچارج کو بھی عہدے سے فارغ کردیا۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے ہلاک ہونے والے بھارتی شہریوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے 2لاکھ روپے فی کس معاوضہ دینے کا اعلان کیا اور متاثرہ افراد کے طبی اخراجات بھی برداشت کرنے کا اعلان کیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد نے نرمدا ندی کا پانی پی لیا تھا جو میونسپل نلکوں کے ذریعے مہیا کیا گیا تھا۔ پانی پینے کے بعد متاثرہ افراد کو الٹیاں، دست اور ڈی ہائیڈریشن جیسی علامات نے گھیر لیا۔ مقامی افراد کے مطابق گزشتہ چند روز سے پانی کا ذائقہ انتہائی کڑوا تھا جو ضرورت سے زائد کیمیکل یا کسی اور خطرناک مادؔے کے باعث ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب میونسپل حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے میں پانی کی مرکزی پائپ لائن میں لیکیج کی نشاندہی ہوئی ہے جس کے اوپر ایک بیت الخلا تعمیر ہوچکا تھا۔ لائن کی مرمت جاری ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کی مختلف سیاسی شخصیات نے معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور واقعے کے ذمہ دار افراد کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Related Posts