کراچی : اسٹیل ٹاؤن پولیس نے گھروں میں کام کرنے کے بہانے وارداتیں کرنے والی دو خواتین کو گرفتار کرلیا، دیگر ساتھیوں کی تلاش کیلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
شہر قائد کے علاقے اسٹیل ٹاوٗن میں گھروں میں کام کرنے کے بہانے لوٹ مار کی متعدد وارداتیں رونما ہوچکی ہیں جس کے سدباب کےلیے ایس پی عمران قریشی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو خواتین کو حراست میں لے لیا۔ایس پی انویسٹی گیشن عمران قریشی نے بتایا کہ ملزمہ شازیہ اور ثناء سے سونے کے زیورات برآمد ہوئے ہیں۔
عمران قریشی نے کہا کہ دونوں خواتین گروہ کی مدد سے گھروں میں ملازمت حاصل کرتی تھیں اور موقع ملتے ہی گھر میں موجود سونا اور نقدی چرا کر فرار ہوجاتی تھی۔ دیگر ملزمان کی گرفتاریوں کےلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
اس سے قبل آج کراچی میں کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
یہ کارروائی سی ٹی ڈی سول لائن نے سلطان آباد کے علاقے میں کی جہاں حمید اللہ عرف چھرہ اور فیض اللہ عرف سر نامی 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کے مطابق ملزمان نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ رواں برس 18 فروری کے روز مومن آباد پولیس کے اہلکار شیراز خان کو شہید کیا۔ گروہ6،7 کارندوں پر مشتمل ہے۔