لاہور میں پالتو شیرنی کے حملے سے 8سالہ بچی زخمی ہوگئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بھیکے وال پنڈ میں پالتو شیرنی کے حملے سے زخمی بچی کے کان اور گردن میں زخم آئے۔ملزمان کے خلاف سخت ایکشن لیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پالتو شیرنی نے حملہ کرکے 8سالہ بچی کو زخمی کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی بچی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ علاقے میں ایک شہری نے گھر پر شیرنی پال رکھی تھی۔ واقعے کے بعد پولیس اور محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیمیں موقعے پر پہنچ گئیں۔
واقعے کے بعد شیرنی کا مالک جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے گئے۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ بچی کی ٹانگ اور کان زخمی ہوا۔ ملزمان شیرنی کو لے کر فرار ہوگئے تھے۔
پولیس کی کارروائی
بعد ازاں نواں کوٹ میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے 11شیروں کو تحویل میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شیر غیر قانونی طور پر رکھے گئے تھے، متعدد ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ برآمد کیے گئے جانوروں میں 5 شیرنیاں، 3شیر اور 3 شیر کے بچے شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شیروں کو نواں کوٹ کے علاقے میں واقع فیکٹری میں رکھا گیا تھا اور چند ماہ قبل ہی شیخوپورہ سے لاہور منتقل کیا گیا تھا۔ ملزمان کے پاس شیروں کو لاہور میں رکھنے کا لائسنس نہیں تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








