کراچی پولیس چیف آزاد خان نے گل پلازہ کی ابتدائی تحقیقات میں تخریب کاری کے امکان کو مسترد کردیا ہے، جس کے نتیجے میں گل پلازہ کی عمارت میں آگ لگنے کی بجائے لگائے جانے کی افواہیں دم توڑ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق گل پلازہ پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کہا کہ واقعے کی ابتدائی تفتیش کے مطابق تخریب کاری کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔ آتشزدگی سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔
پولیس چیف نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کے دوران 14افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں اور ہسپتال میں کوئی زخمی زیر علاج نہیں۔
خیال رہے کہ گل پلازہ میں آگ ہفتے کی رات 10 بج کر 20منٹ کے بعد لگی۔ گراؤنڈ فلور پر آتشزدگی پھیل کر تیسری منزل تک پہنچنے کے بعد عمارت کے کئی حصے گر گئے۔ متعدد افراد دھویں کے باعث دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔
خوفناک آتشزدگی کے دوران متعدد افراد لاپتہ ہوگئے جبکہ فائر فائٹرز نے 33 گھنٹوں کی طویل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ کولنگ کا عمل اور عمارت کے ملبے سے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








