راولپنڈی :تھانہ فتح جنگ میں زیر حراست ملزم پولیس تشدد سے دم توڑ گیا، مقتول کے لواحقین کا پولیس گردی کے خلاف شدید احتجاج ،وزیراعظم پاکستان، وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
اطلاعات کے مطابق دو روز قبل تھانہ فتح جنگ پولیس نے فتح جنگ کے رہائشی یاسر شاہ نامی نوجوان کو شک کی بنا پر گرفتار کرکے تھانہ لے جا کر بند کر دیا جہاں ایس ایچ او تھانہ فتح جنگ کی موجودگی میں پولیس نے نوجوان پر بدترین تشدد کیا۔
پولیس کے تشدد سے نوجوان دم توڑ گیا ،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی نوجوان کے لواحقین تھانہ فتح جنگ پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق پولیس اپنے پیٹی بند بھائیوں کو بچانے میں مصروف ہے۔
پولیس نے نعش بھی کئی گھنٹے اپنی تحویل میں رکھنے کے بعد ورثاء کے حوالے کی۔ ذرائع کے مطابق نوجوان کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات موجود تھے اس موقع پر لواحقین نے میڈیا کو بتایا کہ یاسر شاہ کی موت پولیس تشدد سے ہوئی ہے۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ پولیس اپنے پیٹی بند ساتھیوں کو بچانے کیلئے زورلگارہی ہے، ہم غریب لوگ ہیں انصاف چاہتے ہیں ،لواحقین نے وزیراعظم پاکستان، وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔