بالی وڈ کی معروف اداکار جوڑی کترینہ کیف اور وکی کوشل کو میڈیا پر نامعلوم شخص کی جانب سے قتل کیے جانے کی دھمکیاں موصول ہونے لگیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کترینہ اور وکی کی جان کو خطرہ ہے کیونکہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔
ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے مذکورہ شخص کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ دھمکیوں میں کیا کہا گیا ہے لیکن پولیس نے مقدمہ وکی کوشل کے کہنے پر درج کیا ہے۔
وکی کوشل نے پولیس کو بتایا کہ انہیں اور اہلیہ کترینہ کو ایک شخص دھمکی دے رہا ہے اور وہ انسٹاگرام پر دھمکی آمیز پیغامات پوسٹ کر رہا ہے۔وکی کوشل نے انکشاف کیا کہ ملزم میرا اور کترینہ کا پیچھا بھی کرتا رہا ہے۔
خیال رہے کہ کترینہ اور وکی کچھ روز قبل اداکارہ کی سالگرہ منانے مالدیپ گئے ہوئے تھے جہاں سے انہوں نے اپنی کئی تصاویر بھی پوسٹ کی تھیں۔
اس سے قبل اداکار سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان سمیت اداکارہ سوارا بھاسکر کو بھی قتل کی دھمکیاں موصول ہو چکی ہیں۔