پاکستانی جھنڈے کی دیگر ممالک کے جھنڈوں کے ساتھ تصاویر
خیال رہے کہ پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے بنگلہ دیش کے علاوہ دیگر ممالک کے ساتھ بھی جھنڈوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر لگائی گئی ہیں لیکن کسی کی جانب سے ایسا سخت ردعمل سامنے نہیں آیا۔
جن ممالک کے ساتھ پاکستانی جھنڈے کی تصویر سوشل میڈیا پر لگی ہوئی ہے اُن میں سنگاپور، سری لنکا، سعودی عرب اور ملائیشیا جیسے ممالک شامل ہیں۔
پاکستان نے مشترکہ جھنڈے کی تصویر اس لئے لگائی تھی تاکہ دونوں ممالک کے خوشگوار تعلقات ظاہر ہوسکیں۔
بنگلہ دیش کا ردعمل
فیس بک پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے جھنڈوں کی مشترکہ تصویر پر بنگلہ دیش میں کئی تنظیموں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا، جس کے بعد بنگلہ دیش کی وزارتِ خارجہ نے پاکستانی ہائی کمیشن سے تصویر ہٹانے کیلئے کہا۔
بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ اے کے عبدالمومن نے اتوار کو ڈھاکہ میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہمیں پاکستانی ہائی کمیشن کا یہ اقدام بالکل پسند نہیں آیا یہی وجہ ہے کہ اُسے ہٹانے کیلئے کہا۔
بنگلہ دیشی وزیر خارجہ کا بیان
بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ اے کے عبدالمومن نے اس حوالے سے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن نے انھیں جھنڈوں کی مشترکہ تصویر بھیجی تھی، جو کہ وہ دیگر ممالک کے ساتھ بھی لگاتا رہتا ہے، تاہم ہم نے انھیں کوئی جواب نہیں دیا تھا۔
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن نے وہ تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی جس پر سخت ردعمل سامنے آیا، تاہم ہم پاکستانی ہائی کمیشن کی وضاحت سے مکمل طور پر مطمئن ہیں کہ انہوں نے یہ کام کسی غلط مقصد سے نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن نے سوچا کہ اگر وہ دوسرے ممالک کے جھنڈوں کے ساتھ فیس بک کور پیج ڈال سکتے ہیں تو وہ بنگلہ دیش کے پرچم کے ساتھ بھی تصویر لگا سکتے ہیں۔
بنگلہ دیشی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہائی کمیشن کو ایسا لگا تھا کہ جب کسی دوسرے ملک کی جانب سے جھنڈوں کی تصویر پر اعتراض نہیں اُٹھایا گیا تو ہوسکتا ہے کہ بنگلہ دیش بھی اعتراض نہیں کرے۔
بنگلہ دیش نے جھنڈے کی تصویر پر اعتراض کیوں کیا؟
بنگلہ دیشی وزیرِ خارجہ کے مطابق ہماری جانب سے تصویر کو ہٹانے کا مطالبہ اس لئے کیا گیا کیونکہ ہم کسی سیاسی تنازع میں نہیں پڑنا چاہتے تھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس تصویر کے بعد کئی اداروں نے اس پر تنقید کرتے ہوئے بیانات جاری کیے تھے کہ اس میں بنگلہ دیش کے جھنڈے کی توہین کی گئی۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل بنگلہ دیش کی آزادی کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر کئی ممالک نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر بنگلہ دیش کے پرچم کے ساتھ اپنے ملک کے پرچم کی تصویر جاری کی تھی۔
پاکستان نے مشترکہ جھنڈے کی تصویر ہٹادی
بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ جب پریس کانفرنس کر رہے تھے تو اس سے کچھ دیر قبل ہی پاکستانی ہائی کمیشن نے بنگلہ دیش کے پرچم والی اس تصویر کو ہٹا کر اس کی جگہ صرف پاکستان کے پرچم والی تصویر لگا دی تھی۔