ایشیا کپ 2025 کے دوران پاکستان کے خلاف جیت کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کی جانب سے دیے گئے سیاسی بیانات اور اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی پر آئی سی سی نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے باضابطہ وضاحت مانگ لی ہے۔
یہ واقعہ 14 ستمبر کو متحدہ عرب امارات میں ہونے والے پاک-بھارت میچ کے بعد پیش آیا جب میچ ختم ہونے کے بعد سوریا کمار یادیو نے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ نہ کیا اور جیت کو ایک سیاسی پس منظر سے جوڑ دیا۔
پوسٹ میچ پریس کانفرنس میں بھارتی کپتان نے اس کامیابی کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں مارے جانے والے افراد کے اہل خانہ کے نام منسوب کیا۔ یہ وہ واقعہ ہے جسے بھارت نے دہشت گرد حملہ قرار دیتے ہوئے اس کا الزام پاکستان پر لگایا تھا حالانکہ اب تک اس دعوے کا کوئی واضح ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سوریا کمار کے سیاسی تبصرے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اس معاملے کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں باقاعدہ شکایت کے طور پر اٹھایا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اب آئی سی سی نے اس شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے بی سی سی آئی سے وضاحت طلب کر لی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ معاملے پر باضابطہ سماعت کی جائے گی۔ اگر سوریا کمار یادیو کے بیان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا، تو ان پر جرمانہ یا دیگر تادیبی کارروائی بھی ہو سکتی ہے۔
آئی سی سی کے قوانین کے مطابق سیاسی بیانات اور غیر متعلقہ تبصرے انٹرنیشنل میچز کے دوران سختی سے ممنوع ہیں اور ان پر پابندی عائد ہے تاکہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








